Skip to content

مدینہ منورہ کے تاریخی و مقدس کنویں اور ان کی تاریخ حقائق قسط4۔۔۔تحریر ۔۔۔حافظ نصیر اللہ منصور چترالی

مدینہ منورہ کے تاریخی و مقدس کنویں اور ان کی تاریخ حقائق قسط4۔۔۔تحریر ۔۔۔حافظ نصیر اللہ منصور چترالی
8۔ بئرِ اھاب (بئر زمزم)
بئرِ اھاب مدینہ منورہ کے مغربی حصے میں، وادی عقیق کے قریب “العصبہ” نامی علاقے میں واقع ہے، جو قبا کے مغرب کی طرف کا علاقہ ہے۔ تاریخی روایات کے مطابق، رسول اللہ ﷺ جب قبا یا مدینہ کے بیرونی علاقوں کا دورہ فرماتے، تو اس کنویں کے پاس تشریف لاتے تھے۔ آپ ﷺ نے اس کنویں کا پانی استعمال فرمایا اور اس سے وضو بھی کیا۔ مقامی طور پر اسے “بئرِ زمزم” بھی کہا جاتا رہا ہے کیونکہ اس کا پانی بہت میٹھا اور برکت والا مانا جاتا تھا۔
ایک اہم تاریخی تصحیح کی بھی میرے خیال ضرور ت ہے یہ کنواں حضرت فاطمہ بنتِ حسین (رحمہ اللہ) کے گھر کے بالکل ساتھ ہے۔ یہ جگہ سید الشہداء حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی صاحبزادی حضرت فاطمہ کی رہائش گاہ تھی۔ (یاد رہے کہ امام حسین رضی اللہ عنہ کی والدہ ماجدہ کا نام بھی فاطمہ [الزہرا] ہے، جنہیں ‘فاطمہ الکبریٰ’ کہا جاتا ہے)۔ یہ گھر آپ کی پوتی کا ہے جو کہ صحابیہ نہیں ہیں، کیونکہ ان کی ولادت رسول اللہ ﷺ کے وصالِ کے کافی عرصے بعد ہوئی۔
بعض لوگ کم علمی کی وجہ سے یہ سمجھتے ہیں کہ یہ سیدہ فاطمۃ الزہرا اور حضرت علی رضی اللہ عنہما کی رہائش گاہ ہے، جبکہ یہ بات درست نہیں۔ خاتونِ جنت سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کا حجرہ مبارک تو رسول اللہ ﷺ کے حجرے کے بالکل قریب ہی تھا، جو اب روضہ رسول ﷺ کی جالیوں کے اندر آ چکا ہے۔ پس ثابت ہوا کہ ‘بئرِ اھاب’ دراصل حضرت فاطمہ بنتِ حسین (رحمہ اللہ) کے گھر کا کنواں ہے۔

9۔ بئرِ بصہ (بئر البصہ)
بئرِ بصہ (جسے بئر البصہ بھی کہا جاتا ہے) دورِ نبوی کے ان سات مشہور کنوؤں (آبارِ سبعہ) میں سے ایک ہے جنہیں تقدس حاصل ہے۔ یہ تاریخی مقام جنت البقیع کے قریب، قبا جانے والے راستے میں واقع ہے۔قبیلے کی نسبت: یہ بنو خدرہ قبیلے کا کنواں تھا، اور مشہور صحابیِ رسول حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کا تعلق اسی قبیلے سے تھا۔ یہ کنواں مقامِ البیت کے دروازے کے بالکل قریب واقع ہے۔ پیارے نبی حضرت محمد ﷺ نے ایک مرتبہ یہاں جمعہ کے دن غسل فرمایا تھا۔ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کی نسبت سے بھی یہ جگہ تاریخ میں بہت مشہور ہے۔
موجودہ دور میں اس مبارک کنویں کے اوپر پانی کا ایک خوبصورت فوارہ نصب کر دیا گیا ہے۔ (جس کی تصویر تحریر کے آخر میں دیکھی جا سکتی ہے)، یہ مبارک کنواں ‘بئرِ بصہ’ ٹھیک اسی فوارے کے نیچے موجود ہے۔

تحریر پسند آئے تو پیچ کو فالو کیجئے تاکہ انے والے اقساط سے اپ کو اگاہی ہوگی کومنٹ کیجئے اپنی رائے کا اظہار کیجئے اور ثواب کے طور پر شیئر کیجئے تاکہ دوسرے عقیدت مندوں کو فایدہ ہو (جاری ہے)