Skip to content

گورنمنٹ ہائی سکول ذوندرانگرام تریچ میں استاذ الاساتذہ حاجی امیر خان مرحوم کی یاد میں تعزیتی کانفرنس کا انعقاد

گورنمنٹ ہائی سکول ذوندرانگرام تریچ میںاستاذ الاساتذہ حاجی امیر خان مرحوم کی یاد میں تعزیتی کانفرنس کا انعقاد,مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت۔
تریچ ( ثناء اللہ ثنائی نمائندہ نوائے چترال نیوز)تنظیم اساتذہ پاکستان، اپر چترال کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ ہائی سکول زوندرانگرام میں استاد الاساتذہ حاجی امیر خان مرحوم کی یاد میں ایک باوقار تعزیتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس میں معزز اساتذۂ کرام، علمائے کرام، علاقے کے عمائدین، معززین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تعزیتی ریفرنس میں مرحوم استاد امیر خان کی علمی، اور تدریسی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں مرحوم استاد کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی علم کی شمع روشن کرنے، نئی نسل کی تعلیم و تربیت اور معاشرے میں مثبت اقدار کے فروغ کے لیے وقف کر رکھی تھی۔شرکائے تعزیتی ریفرنس نے استاد امیر خان مرحوم کو ایک قابل، مخلص، شفیق اور بااصول معلم قرار دیتے ہوئے ان کی گراں قدر خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ایک عظیم استاد صرف کتابوں کا علم منتقل نہیں کرتا بلکہ اپنے کردار، اخلاق اور عمل سے نسلوں کی تربیت کرتا ہے، اور مرحوم استاد امیر خان اسی عظیم روایت کے امین تھے۔علاقے کے عمائدین اور علمائے کرام نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی علمی و ادبی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور ان کی تعلیمی جدوجہد کو علاقے کے لیے ایک قیمتی سرمایہ قرار دیا۔ مقررین نے کہا کہ استاد امیر خان کی خدمات اور ان کی تربیت سے فیض یاب ہونے والے شاگرد ان کی روشن یاد کو ہمیشہ زندہ رکھیں گے۔ریفرنس کے اختتام پر مرحوم استاد امیر خان کی مغفرت، درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔استاد امیر خان مرحوم بلاشبہ ایک ایسی علمی و تدریسی شخصیت تھے جن کی خدمات کو وقت کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔ ان کی علمی شمع سے روشن ہونے والی نسلیں ہی ان کے لیے سب سے بڑا صدقۂ جاریہ اور ان کی زندگی بھر کی محنت کا حقیقی ثمر ہیں۔ اللہ تعالیٰ استاد محترم کو اپنے جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائیں