موڑکھو(آن لائن نیوز)آج وریجون موڑکہو میں ایک نہایت اہم مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس نے علاقے کی ترقی کی نئی سمت کا تعین کیا۔ اس اجلاس میں موڑکہو ڈویلپمنٹ مومنٹ اور کوشٹ ڈویلپمنٹ مومنٹ کے قائدین، عہدیداران اور کابینہ ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ موڑکہو کی ترقی کے لیے ایک مضبوط، متحد اور فعال لائحہ عمل ترتیب دیا جائے جو آنے والے وقت میں حقیقی اور مثبت تبدیلی کا سبب بنے۔کوشٹ ڈویلپمنٹ مومنٹ کی جانب سے صدر اعجاز ، جنرل سیکرٹری انعام ، چیئرمین محمد ارشاد، حبیب انور اور منظور نے شرکت کی۔ جبکہ موڑکہو ڈویلپمنٹ مومنٹ کی نمائندگی سرپرستِ اعلیٰ محمد حبیب، صدر احسان علی شاہ، جنرل سیکرٹری سلطان شاہ سالک، ڈپٹی فنانس سیکرٹری عبدالرافع اور ضیاءالدین نے کی۔اجلاس کے دوران کوشٹ ڈویلپمنٹ مومنٹ نے نہ صرف موڑکہو ڈویلپمنٹ مومنٹ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا بلکہ یہ بھی باور کروایا کہ علاقے کی ترقی کے لیے مضبوط قیادت اور واضح وژن رکھنے والی یہی واحد تحریک ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ علاقے کے مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوامی خدمت کے ہر مرحلے پر وہ موڑکہو ڈویلپمنٹ مومنٹ کے ساتھ ایک متحد قوت بن کر کھڑے رہیں گے۔دونوں تحریکوں نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا اور موڑکہو کی ترقی کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم، ایک واضح سمت، مربوط منصوبہ بندی اور متحد آواز ناگزیر ہے۔ اسی بنیاد پر سڑکوں کی تعمیر، تعلیم و صحت کی بہتری، صاف پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات کو اول ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر تمام قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آج کے بعد پورا علاقہ موڑکہو ڈویلپمنٹ مومنٹ کے پلیٹ فارم کے تحت متحد ہو کر کام کرے گا۔ یہی پلیٹ فارم علاقے کی ترقی، مسائل کے حل اور عوامی خدمت کا مضبوط ترین مرکز ہوگا۔ یہ اتحاد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ موڑکہو کی عوام اب بیدار، منظم اور اپنے مستقبل کے حوالے سے انتہائی سنجیدہ ہے۔اجلاس میں انے والے دنوں میں کوشٹ اور اردگرد کے علاقوں میں کور کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا جو موڑکہو ڈویلپمنٹ مومنٹ کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔یہ فیصلہ صرف ایک اجلاس کا نتیجہ نہیں، بلکہ موڑکہو کے روشن مستقبل کے لیے ایک مضبوط، ٹھوس اور پرعزم قدم ہے ایک ایسا قدم جو آنے والی نسلوں کو ترقی، استحکام اور بہتر زندگی فراہم کرنے کی بنیاد رکھے گا۔





