Skip to content

مدرسہ منبعُ العلوم شوچ میں ختمِ بخاری شریف کی شاندار تقریب ،سابق تحصیل ناظم کی شرکت

تریچ شوچ (نوار الہادی مسرور)مدرسہ منبعُ العلوم شوچ میں ہونے والی ختمِ بخاری شریف کی پُرنور محفل نہ صرف علمِ حدیث کی خوشبو سے مہکتی ہے بلکہ علاقے میں عرصۂ دراز سے جاری اس ادارے کی بے مثال دینی خدمات کا جیتا جاگتا ثبوت بھی ہے۔دور دراز سے آئے ہوئے علمائے کرام اور مقامی علماۓ کرام نے علم کی اہمیت اور فضیلت ، آسان نکاح ، رسومات کا خاتمہ اور مختلف موضوعات پر بہترین تقریریں کیں۔حضرت مولانا امیر نواز صاحب بخآری شریف کا آخری درس دیا اور مدارس و مساجد ، ملک خداداد کی حفاظت اور دین اسلام کی سربلندی کی لئے انتہائی عاجزی سے دعا کی۔یہ ختمِ بخاری کی محفل دراصل ایک روحانی جشن ہے—جہاں قرآن و سنت کی معطر فضا میں علم و عرفان کے چراغ جلتے ہیں۔ آخری حدیث کی روایت، دعاؤں کی حلاوت، اساتذہ کی محبت، طالبات کی محنت اور اہلِ علاقہ کی عقیدت، سب مل کر ایک ایسے منظر کی تشکیل کرتے ہیں جسے دیکھ کر دل ایمان کی تازگی محسوس کرتا ہے۔ یہ اجتماع صرف ایک تقریب نہیں بلکہ صدیوں پر محیط سلسلۂ علم کا تسلسل ہے، جو امت کے سینوں میں حدیثِ رسولؐ کے چراغ روشن رکھے ہوئے ہے۔مدرسہ منبعُ العلوم شوچ برسوں سے اس علاقے کی علمی پیاس بجھائی۔ یہاں کا ماحول ہمیشہ ایک ہی مقصد پر قائم رہا۔ قرآن و سنت کی صحیح تعلیمات کو عام کرنا، اور دین کی خدمت کرنے والے بااخلاق، متقی اور ذمہ دار طالب علم تیار کرنا۔یہی وہ جگہ ہے جہاں اساتذہ اپنی علمی میراث صرف نہیں کرتے بلکہ کردار اور اخلاق کے زیور سے بھی طالبات کو آراستہ کرتے ہیں۔اور یہی مدرسہ ہے جو علاقے میں دینی بیداری، نماز کی پابندی، قرآن فہمی، اصلاحِ معاشرہ اور دین سے محبت کا مضبوط مرکز ہے۔آج ختمِ بخاری کی بابرکت محفل میں یہ حقیقت ایک بار پھر واضح ہو گئی کہ منبعُ العلوم شوچ نہ صرف ماضی کا روشن چراغ ہے بلکہ مستقبل کا مضبوط قلعہ بھی۔ اس کے فارغ التحصیل طالبات جہاں بھی گئیں ، علم، اخلاق اور خدمت کے علمبردار بن کر گئے۔سردی کے اس موسم میں بڑے پیمانے پر بہترین اور کامیاب دینی مجلس منعقد کرنے اور دور دراز سے آئے ہوئے مہمانوں کا گرمجوشی سے استقبال کرنے پر مدرسہ ہذا کے منتظمین ، اساتذہ کرام اور مخیر حضرات کو ہم خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اللہ تعالیٰ اس مدرسے کی خدمات کو قبول فرمائے، اس کے اساتذہ و منتظمین خصوصاً شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد دین صاحب کے اخلاص میں اضافہ کرے، اور اسےقیامت تک دین کی روشنی پھیلانے والا مینار بنائے۔ آمین۔