Skip to content

ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی سرپرستی میں اینٹی کرپشن ویک کے حوالے سے تقاریب کا سلسلہ جاری

ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی سرپرستی میں اینٹی کرپشن ویک کے حوالے سے تقاریب کا سلسلہ جاری۔ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی جانب سے اینٹی کرپشن ویک بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر آج گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بونی اور آغا خان ہائر سیکنڈری سکول بونی میں آگاہی اور تعلیم پر مبنی ایک پُرمسرت اور جامع تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں اسسٹنٹ کمشنرز انڈر ٹریننگ شجاعت علی خان اور ناظم الدین نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں حصہ لیا اور کرپشن جیسے معاشرتی ناسور کے خاتمے کے لیے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔طالبات اور اساتذہ نے کرپشن کے نقصانات، اس کے معاشرتی و معاشی اثرات اور اس کے تدارک کے عملی طریقوں پر مدلل اور بھرپور تقاریر پیش کیں۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ کرپشن کا خاتمہ صرف ادارہ جاتی اصلاحات ہی نہیں بلکہ انفرادی کردار، دیانت داری اور شعور کی بیداری سے بھی ممکن ہے۔اسسٹنٹ کمشنرز انڈر ٹریننگ نے اپنے خطابات میں کرپشن کے ملک، صوبے اور ضلعی ترقی پر منفی اثرات پر تفصیل سے بات کی اور اس ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے مختلف عملی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کے کردار کو بنیادی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک شفاف اور کرپشن فری معاشرے کی بنیاد تعلیم اور مثبت اقدار سے ہی ممکن ہے۔تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ، تعلیمی ادارے اور عوام مل کر کرپشن کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔