Skip to content

ضلع اپر چترال میں 2 فروری 2026 سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک میٹنگ کا انعقاد

بونی (پریس ریلیز)صوبہ بھر سمیت ضلع اپر چترال میں 2 فروری 2026 سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم میٹنگ زیرِ صدارت جناب محمد انور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ اپر چترال منعقد ہوا۔اس میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال جناب محمد عمران خان اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اپر چترال ڈاکٹر فرمان والی نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر اپر چترال، ڈی،اہس،پی ہیڈکوارٹر اپر چترال، ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر اپر چترال، ای پی آئی کوآرڈینیٹر سمیت متعلقہ محکموں کے سربراہان اور نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر اپر چترال نے انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن دی جس میں بتایا گیا کہ انسداد پولیو مہم 2 فروری سے شروع ہو کر 5 فروری 2026 تک جاری رہے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ اپر چترال کی کل 10 یونین کونسلز میں سے 5 یونین کونسلز میں شدید برف باری ہو چکی ہے جس کی وجہ سے وہاں فیلڈ ٹیموں اور ویکسین کی رسائی میں مشکلات درپیش ہو سکتی ہیں۔ اس صورتحال سے صوبائی حکومت کو بروقت آگاہ کر دیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر نے مہم کے دوران تشکیل دی گئی ٹیموں، ہدف شدہ بچوں کی تعداد اور فیلڈ اسٹاف کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فیلڈ اسٹاف کی ٹریننگ مکمل ہو چکی ہے تاہم ویکسین کی ترسیل کا عمل ابھی باقی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سیکیورٹی پلان کی بروقت شیئرنگ کو ناگزیر قرار دیا۔ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر نے فورم سے اپیل کی کہ حسبِ سابق انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے محکمہ صحت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ نے کہا کہ ضلع کی سابقہ شاندار کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے ہر فرد اور ہر ادارے کو اپنی ذمہ داری بھرپور طریقے سے نبھانی ہوگی۔ انہوں نے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔اجلاس کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر اپر چترال اور محکمہ صحت کے افسران کے ہمراہ بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں اور فیلڈ ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔