بونی (پریس ریلیز)چترال اپر کے ویلیج کونسل ہرچین و بروک کے چیئرمین شیر اعظم نے ڈپٹی اسپیکر کے پی کے ثریابی بی سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی ہے انہوں نے حلقے کی مجموعی صورتحال اور بالخصوص ویلیج کونسل ہرچین و بروک میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی کاموں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر محترمہ ثریا نے یقین دہانی کرائی کہ ہرچین میں پائپ لائن منصوبے اور دو آبپاشی واٹر چینلز کے منصوبے جلد شروع کئے جائیں گے تاکہ علاقے کے عوام کو پانی کی سہولیات میسر آ سکیں۔ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول ہرچین میں اساتذہ کے خالی اسامیوں کو جلد پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اپنے اعلان کے مطابق نیشنل بینک آف پاکستان کی شاخ ہرچین لاسپور میں کھولنے کے سلسلے میں وہ بہت جلد گورنر اسٹیٹ بینک سے ملاقات کے لئے کراچی کا دورہ کریں گی تاکہ اس منصوبے کو حتمی شکل دی جا سکے.ڈپٹی اسپیکر نےعلاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کو بھی جلد پایۂ تکمیل تک پہنچانے کا وعدہ کیا۔ویلیج کونسل چیئرمین شیر اعظم نے ان تمام منصوبوں پر ڈپٹی اسپیکر کا اپنی جانب سے اور علاقے کی عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بروک بی ایچ یو میں ڈاکٹر کی تعیناتی پر بھی ڈپٹی اسپیکر محترمہ ثریا کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدام علاقے میں صحت کی سہولیات کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔علاقے کے عوام نے اس ملاقات اور اعلانات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبے جلد عملی شکل اختیار کریں گے۔

