Skip to content

جماعت اسلامی لوئر چترال کے اراکین کا اجتماع منعقد،ٹی ٹی آر ایف کے رہنماوں پر ریاستی جبر کی بھر پور مذمت

چترال لوئر (پریس ریلیز)جماعت اسلامی لوئر چترال کا اجتماع ارکان 21 دسمبر بروز اتوار ضلعی دفتر میں زیر صدارت امیر ضلع وجیہہ الدین منعقد ہوا۔اجتماع نے متفقہ طور پر درجہ ذیل قرارداد منظور کی۔بلدیاتی نظام جمہوریت کی نرسری اور عوامی حقوق کا ضامن ہوتا ہے۔ دیگر صوبوں کی طرح، خیبرپختونخوا حکومت نے گزشتہ دور کے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات منتقل نہ کرکے جمہوریت دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات 2021 کے نتیجے میں آنے والے عوامی نمائندے5 سالوں میں بغیر کسی اختیار اور کام کے مدت پوری کررہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن صاحب نے بلدیاتی نظام کو مضبوط اور با اختیار کرنے کے لئے پورے ملک کے اندر ڈویژنل سطح پر دھرنوں کا آغاز کیا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت با اختیار بلدیاتی نظام تشکیل دے کر فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کریں۔ بصورت دیگر جماعت اسلامی کی عوامی تحریک ڈویژنل سطح سے ولیج کونسل سطح تک منتقل ہوگی۔صوبہ خیبرپختونخوا میں بالعموم اور ضلع چترال میں بالخصوص PTI کی حکومت نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ بد عنوانی کی اس سونامی نے ہر شعبہ زندگی کو مفلوج کر رکھا ہے۔ چترال کے اندر ترقیاتی پراجیکٹس کے اندر خرد برد، گھوسٹ منصوبہ جات اور پرانے تکمیل شدہ منصوبوں کے نام پر فنڈ نکال کر بندر بانٹ کا سلسلہ جاری ہے۔جماعت اسلامی چترال لوئرنے ضلع کے اندر ہونے والی ان بدعنوانیوں کے خلاف عوامی تحریک کا اعلان کیا ہے۔ 26 دسمبر بروز جمعہ پریس کانفرنس کے ذریعے ” کرپشن مٹاؤ ، چترال بچاؤ تحریک” کا لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔اجتماع ارکان نے متفقہ طور پر اپر چترال میں تورکہو ، تریچ روڈ فورم کے راہنماؤں کے خلاف ریاستی جبر کی بھر پور مذمت کی۔ روڈ تحریک کے راہنما عمیر خلیل اللہ کو شیڈول 4 میں ڈالنا حکومتی فاشزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔لھذا ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں تحریک کے زمہ داران کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کیا جائے اور عمیر خلیل کو شیڈول -4 سے نکالا جائے۔ اس طرح کے انتقامی کارروائیاں عوامی بیداری کو نہیں روک سکتیں۔