چترال ( سوشل میڈیا) لوئر چترال میں بروز ہفتہ 22 جمادی الثانی، سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے یومِ وفات کے موقع پر ایک عظیم الشان مدحِ صحابہ جلوس کا اہتمام کیا گیا۔ جلوس بروز دومون سےہو کر بروز بازار تک پہنچا، جس میں علمائے کرام، اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جلوس کی قیادت اہلسنت والجماعت لوئر چترال کے صدر مولانا حافظ خوش ولی خان ولی نے کی۔انہوں نے سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے فضائل و مناقب سے بیان کیے اور کہا کہ آپؓ کی سیرتِ طیبہ امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے مسلمانوں بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو دینِ اسلام کی خدمت، ملک پاکستان کی ترقی اور بانیانِ اسلام کی عزت و عظمت کو عام کرنے کے لیے استعمال کریں۔مولانا حافظ خوش ولی خان نے مطالبہ کیا کہ سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے یومِ وفات کے موقع پر قومی سطح پر حکومت عام تعطیل کا اعلان کریں تاکہ عوام الناس اس عظیم صحابیِ رسول کی سیرت و خدمات سے بھرپور آگاہی حاصل کر سکیں۔جلوس کے انعقاد سے پہلے تلاوتِ قرآن کریم مولانا نور اللہ انور نائب صدر اہلسنت والجماعت لوئر چترال نے کی، نعتِ رسول مقبول مولانا ہدایت الرحمان نے پیش کی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض قاری خلیل الرحمٰن، ڈپٹی سیکرٹری اہلسنت والجماعت لوئر چترال نے انجام دئے۔جلوس کے شرکاء نے صحابہ کرامؓ کی شان میں نعرے لگائے اور صحابہ کرامؓ کی حرمت و ناموس کی تحفظ کے ساتھ ساتھ مذکورہ دن کو قومی سطح پر عام تعطیل قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ جلوس مین بازار پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
