Skip to content

ڈی ایس پی شیر راجہ کی شاندار خدمات کے اعتراف میں پولیس لائن بونی میں الوداعی تقریب

بونی (پریس ریلیز)پولیس ڈیپارٹمنٹ میں 39 سالہ مثالی اور قابلِ فخر سروس مکمل کرنے کے بعد ڈی ایس پی شیر راجہ خان باقاعدہ طور پر ملازمت سے سبکدوش ہوگئے۔اس موقع کی مناسبت سے ڈسٹرکٹ پولیس افسر اپر چترال جناب حمید اللہ نے سبکدوش ہونے والے افسر کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی عشائیہ کا اہتمام کیا، جس میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال جناب محمد عمران خان نے ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے دیگر افسروں کے ہمراہ شرکت کی۔تقریب میں پولیس افسران نے ڈی ایس پی شیر راجہ خان کی چار دہائیوں پر محیط خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فرض شناسی اور مثالی کردار پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال جناب محمد عمران خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیر راجہ خان کی 39 سالہ سروس محکمہ پولیس کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والے افسر کو ایک کامیاب کیریئر کے اختتام پر مبارکباد دی اور ان کی آئندہ زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر ڈی ایس پی شیر راجہ خان کی طویل اور باوقار خدمات کے اعتراف میں انہیں یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کیے گئے۔