لوئر چترال (پریس ریلیز)ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے لینگ لینڈ سکول اینڈ کالج کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر سکول کے پرنسپل، اساتذہ اور طلبہ نے ڈپٹی کمشنر کا استقبال کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کلاس رومز، لائبریری، سائنس لیبارٹری اور دیگر تدریسی و ہم نصابی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ادارے میں رائج تدریسی معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ لینگ لینڈ سکول اینڈ کالج عرصۂ دراز سے علاقے میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں محنت، نظم و ضبط اور علم کے ساتھ ساتھ اخلاقی اقدار اپنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ اور تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جس کے ذریعے ترقی اور کامیابی کے نئے دروازے کھلتے ہیں۔مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ کی خدمات کو سراہا اور ادارے کے انتظامی امور کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔



