Skip to content

میٹنگ ہال تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن بونی میں اینٹی کرپشن ویک کی شاندار تقریب ،

بونی (پریس ریلیز)اینٹی کرپشن ویک کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال جناب محمد عمران خان کے احکامات کی روشنی میں میٹنگ ہال بونی میں ایک پروقار اور پُرمسرت پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس اہم تقریب میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر موڑکہو/ تورکہو عزرا بی بی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔پروگرام میں مختلف سرکاری اداروں کے سربراہان ، سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کے بعد مقررین نے کرپشن جیسے معاشرتی ناسور کے حوالے سے معلوماتی اور مدلل تقاریر پیش کیں۔ مقررین نے کرپشن کے بنیادی اسباب (Root Causes) اس کے معاشی و سماجی اثرات اور قومی، صوبائی و ضلعی سطح پر اس کے نقصانات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے بھی اپنے خطاب میں کرپشن کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کرپشن کا خاتمہ صرف سرکاری سطح پر نہیں بلکہ عوامی شعور، ایمانداری اور شفافیت کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مقررین کی طرف سے پیش کردہ تقاریر کو سراہا اور نوجوان نسل کے کردار کو کلیدی قرار دیا۔تقریب کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ کرپشن کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور معاشرے میں دیانت و شفافیت کی اقدار کو فروغ دیا جائے گا۔کرپشن کے حوالے سے خصوصی تقریب کے بعد ایک واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔