Skip to content

لوئر چترال پولیس افسران کے لیے تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد

لوئر چترال (پریس ریلیز)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان اور ایس۔پی انوسٹی گیشن محمد شفی شفاء کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر کے پولیس افسران کے لیے پولیسنگ اور تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ایک روزہ سیمینار میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان، ایس۔پی انوسٹی گیشن محمد شفی شفاء، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ایاز زرین اور ضلع بھر کے تمام تھانوں کے تفتیشی افسران نے شرکت کی۔سیمینار کے دوران پولیسنگ اور تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے، تفتیش کے بنیادی اصولوں، قتل، اقدامِ قتل اور منشیات کے مقدمات کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔شرکاء کو بہتر پولیسنگ اور پیشہ ورانہ تفتیش کے جدید تقاضوں سے آگاہ کیا گیا، جبکہ مختلف کیس اسٹڈیز کے ذریعے عملی رہنمائی بھی فراہم کی گئی۔اس موقع پر افسران نے اپنے تاثرات اور تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تربیتی سیشنز پولیس کے تفتیشی نظام میں بہتری اور انصاف کی بروقت فراہمی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ایاز زرین نے کہا کہ تفتیشی افسران کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مجرموں کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس فورس کی استعدادِ کار میں اضافہ اور پولیسنگ کے معیار کو بہتر بنانا ناگزیر ہے، جبکہ شفاف تفتیش کا نظام انصاف کی فراہمی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی مقصد کے تحت ضلع لوئر چترال میں آئندہ بھی ایسے تربیتی پروگرامز کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔