ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور محکمہ کھیل کے زیر اہتمام منعقدہ آئس ہاکی چیمپئن شپ اپنے تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔چیمپئن شپ کے فائنل ایونٹ کے مہمانِ خصوصی سیکریٹری برائے کھیل خیبرپختونخوا جناب محمد آصف صاحب تھے۔تقریب میں بطور سپیشل گیسٹس ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا جناب تاشفین حیدر صاحب، ڈپٹی کمشنر اپر چترال جناب محمد عمران خان صاحب، ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے افسران، ضلع سے باہر سے تشریف لائے معزز مہمانانِ گرامی، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اپر چترال، عمائدینِ علاقہ، منتخب عوامی نمائندے، اپر چترال کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے آئس ہاکی کے کھلاڑی، میڈیا کے نمائندگان، ایونٹ کے منتظمین اور کثیر تعداد میں تماشائیوں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر اپر چترال جناب محمد عمران خان نے لاسپور آمد پر مہمانِ خصوصی سمیت تمام معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ونٹر اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے پر محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کا خصوصی طور پر شکریہ بھی ادا کیا۔آئس ہاکی کے فائنل مقابلے میں کھلاڑیوں نے شاندار اور جاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جسے حاضرین کی جانب سے بھرپور داد ملی۔تقریب کے دوران عمائدینِ علاقہ کی جانب سے علاقہ لاسپور میں اسپورٹس گراؤنڈ کی تعمیر کا مطالبہ کیا گیا جس پر تبصرہ کرتے ہوئے سیکریٹری برائے امورِ نوجوانان و کھیل خیبرپختونخوا نے یقین دہانی کرائی کہ اس حوالے سے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال کو بتایا کہ کھیل کے میدان کے لیے کسی مناسب سرکاری جگہ کی نشاندہی کر کے باقاعدہ پروپوزل جمع کروایا جائے۔ایونٹ کے کامیاب اختتام پر سیکریٹری برائے کھیل خیبرپختونخوا نے ضلعی انتظامیہ اپر چترال، محکمہ کھیل اپر چترال، ایونٹ آرگنائزرز اور آئس ہاکی کے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس شاندار ایونٹ کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے بھی ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر سپورٹس آفس اپر چترال، ایونٹ آرگنائزرز، محکمہ ریسکیو 1122، محکمہ پولیس، لیویز فورس کے جوانوں اور علاقے کے معززین کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ان کی مشترکہ کاوشوں کے باعث ایونٹ خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوا۔آخر میں کامیاب اور رنر اَپ ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ایونٹ کا اختتام پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ ہوا۔














