Skip to content

ریشن کی بجلی تحریک کی مخالفت کا الزام بے بنیاد اور من گھڑت ہے، میں نے ہمیشہ اس کی حمایت کی ہے: شہزادہ افتخار الدین

بونی (پریس ریلیز)سابق رکنِ قومی اسمبلی چترال شہزادہ افتخار الدین نے کہا ہے کہ ریشن کی بجلی تحریک کے حوالے سے ان پر عائد کیے جانے والے الزامات بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے سراسر منافی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے ریشن کی بجلی تحریک کی کبھی مخالفت نہیں کی بلکہ ابتدا ہی سے اس کی کھل کر اور عملی طور پر حمایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریشن میں گزشتہ چار سالوں سے جاری بجلی کی تحریک کے دوران وہ ہر سطح پر عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں سب سے پہلے تحریک کے قائدین کو ساتھ لے کر چیف سیکرٹری سے ملاقات بھی انہوں نے ہی کی تھی، تاکہ ریشن کے عوام کو درپیش اس بنیادی مسئلے کا پائیدار اور عملی حل نکالا جا سکے۔شہزادہ افتخار الدین نے کہا کہ حالیہ دنوں ایک نجی میٹنگ میں بعض قومی نمائندوں کی جانب سے عوام کو یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ ریشن کے لیے جاری اقدامات میں ان کی وجہ سے رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں، جو کہ سراسر گمراہ کن، بے بنیاد اور افسوسناک بیانیہ ہے۔انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جس طرزِ عمل کا مظاہرہ چند روز قبل تورکھو میں اپنی نااہلی چھپانے کے لیے کیا گیا، اب وہی طرزِ عمل ریشن میں بھی دہرایا جا رہا ہے، حالانکہ یہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے کہ تورکھو روڈ کی تعمیر کا منصوبہ میری اور میرے والد مرحوم شہزادہ محی الدین کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔سابق ایم این اے نے مزید کہا کہ اپنی ناکامیوں اور کمزور کارکردگی کا ملبہ دوسروں پر ڈال کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مگر یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ میں نے ہمیشہ ریشن کی بجلی تحریک کی حمایت کی ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے ہر فورم پر سنجیدہ اور عملی کوششیں کی ہیں، جن کا مکمل ریکارڈ موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریشن میں پروٹیکشن وال کے کروڑوں روپے مالیت کے منصوبے کے لیے فنڈز بھی میری ذاتی کاوشوں سے جاری ہوئے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ میں نے ہمیشہ ریشن کے عوام کے مسائل کو ترجیح دی ہے۔آخر میں شہزادہ افتخار الدین نے کہا کہ ریشن کے عوام باشعور ہیں اور وہ سچ اور پروپیگنڈے میں فرق بخوبی جانتے ہیں۔شہزادہ افتخار الدین سابق ایم این اے چترال