Skip to content

اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر اپر چترال احسان افریدی تبدیل،ان کے اعزاز میں ڈپٹی کمشنر آفس میں الوداعی تقریب کا انعقاد

بونی (پریس ریلیز)آج ڈپٹی کمشنر اپر چترال جناب محمد عمران خان کی جانب سے ان کے دفتر میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر احسان افریدی کے اعزاز میں ایک نہایت پُر وقار الوداعی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب ان خدمات کے اعتراف میں رکھی گئی تھی جو انہوں نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران اپر چترال کی انتظامی بہتری، عوامی خدمت اور بین الاداراتی ہم آہنگی کے لئے سرانجام دیں۔احسان افریدی کا تبادلہ سیکرٹری ٹو کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کے عہدے پر ہوا ہے جسے تمام افسران نے ان کی بہترین کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا۔تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر اپر چترال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر موڑکہو/ تورکہو، PS ٹو ڈپٹی کمشنر، پلاننگ افسر فنانس اینڈ پلاننگ, تحصیلدار مستوج اور صوبیدار میجر لیویز فورس اپر چترال نے شرکت کی۔تمام شرکاء نے اسسٹنٹ کمشنر احسان افریدی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، ملنسار مزاج، انتظامی مہارت اور اپر چترال کے لئے پیش کی گئی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ احسان افریدی نے اپنے فرائض نہایت دیانتداری، محنت اور خوش اسلوبی سے انجام دیے اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔تقریب کے اختتام پر ٹرانسفر ہونے والے افسر کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یادگاری تحائف بھی پیش کئے گئے جبکہ ان کے لئے نیک تمناؤں اور روشن مستقبل کی دعا کی گئی۔